صدر عارف کا کل یوم دعا منانے کا اعلان
![]() |
| عکس بشکریہ ڈان نیوز |
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کل یوم دعا منانے کا اعلان کیا ہے۔
تمام مکاتب فکر کے علماء سے ایوان صدر میں خاطب کرتے ہوئے صدر پاکستان نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر کا سامنا ہے، تمام علمائے کرام سے گزارش ہے کہ پہلے کی طرح دوبارہ محنت کرکے لوگوں تک اپنی بات پہنچا کر کامیابی حاصل کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ علمائے کرام نے کرونا کی دوسری لہرپر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی سنجیدگی پہلے کی نسبت کم ہوگئی ہے، پہلی وارننگ میں جتنی ترجیح دی گئی اب لوگ اتنی اہمیت اسے نہیں دے رہے، جس پر علماء کرام نے پریشانی کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس نشست میں یہ طے پایا گیا کہ جمعہ کے اجتماعات میں خصوصا 4 دسمبر کو یوم دعا منایا جائے گا۔
صدر علوی نے کہا کہ 4 دسمبر کو ملک بھر میں یوم دعا منایا جائے گا جس پر علماء نے بھی اتفاق کیا کہ تمام اجتماعات اور دروس میں عوامی آگاہی دی جائے گی۔ انہوں نے علماء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف مساجد میں احتیاطی تدابیر پرعمل کیا جائے گا بلکہ آپ کے کہنے سے لوگ بازاروں میں بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں جانے دینگے اور اسی طرح سارے معاشرے پر اس کے اثرات مرتب ہوں گے۔
مزید برآں سردیوں میں ملک بھر کے مساجد میں قالین کے استعمال کے حوالے سے صدر عارف علوی نے کہا کہ معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے واضح کہا ہے کہ بہتر ہوگا کہ قالین نہ ہوں لیکن اگر رکھنے ہی ہیں تو ان پر سپرے کیے جائیں اور اس کے ساتھ لوگوں کو اپنے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا جائیں تا کہ وہ رومال کو سجدے کی جگہ پر رکھیں۔
اسی طرح صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سیاستدانوں کو بھی اتفاق رائے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ علماء مساجد سے احتیاط کی تلقین کررہے ہوں اور ملک بھر میں سیاستدان جلسے جلوس اسی انداز سے کر رہے ہو۔





