وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرونا وباء کے دوران پاکستان کو جس مسئلے کا
سامنا ہے وہ ایک ایسی سیاسی قیادت ہے جو کبھی جمہوری جدوجہد سے نہیں گزری۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ڈی ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے
وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ کرونا وباء کے دوران پاکستان کو جس مسئلے کا سامنا
ہے وہ ایک ایسی سیاسی قیادت ہے جو کبھی جمہوری جدوجہد سے گزری، نہ عام شہریوں کو
درپیش مسائل سمجھنے کیلئے اس نے کبھی ان کے ساتھ کام کیا، اور نہ ہی عوام کی زندگی
میں بہتری کیلئے اس نے کسی ٹھوس انداز میں اپنا کچھ حصہ ڈالا۔
اسی ٹویٹ کے جواب میں ہی انہوں نے لکھا کہ چنانچہ ہم نے جب غریبوں کو، بے سہارا معیشت کو مکمل زمین بوس ہونے سے بچانے کے لئے سمارٹ لاک ڈاؤن کی راہ اختیار کی تو ان "رہنماؤں" نے مخالفت کی اور مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا۔ لیکن اب جب دوسری لہر آئی ہے اور ہمیں پھر سے سمارٹ لاک ڈاؤن درکار ہے تو یہ عوام کی زندگیوں، اور ان کی سلامتی سے مکمل بے نیاز، جلسوں پر بضد ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید لکھا کہ (یہ) سمجھتے ہیں کہ یہی وہ آخری حربہ ہے جس کے ذریعے وہ ہم پر سمجھوتے (این آر او) کیلئے دباؤ ڈال سکتے ہیں، مگر ہر گز ایسا نہ ہوگا۔

No comments: